89

افسران کو خوف کے ماحول سے نکالنا ہے نہیں تو کچھ نہیں کر سکیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ

Murad Ali Shah

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ افسران کو خوف کھا گیا ہے، آپ کو خوف کے ماحول سے نکالنا ہے نہیں تو کچھ نہیں کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں 26 واں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس پروگرام کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ این آئی ایم کا ملک کے افسران کی ٹریننگ میں اہم کردار ہے، این آئی ایم کے ٹریننگ پروگرام بہت ہی کارگر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے، این آئی ایم کے ٹریننگ پروگرام بہت کارگر ہیں۔ تربیت مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتا ہوں، محدود وسائل کے باوجود ادارے کی کارکردگی بہتر ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسران کو خوف کھا گیا ہے، آپ کو خوف کے ماحول سے نکالنا ہے نہیں تو کچھ نہیں کر سکیں گے۔ ہمیں گورننس کے ایشوز ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے اس سلوگن ’سے نو ٹو کرپشن‘ پر اعتراض ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے ہم سب کرپٹ ہیں۔ ’کرپشن کا خاتمہ سلوگن سے نہیں گڈ گورننس سے ہوگا‘۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاق نے ہمارے حصے کے پیسے کم دیے ہیں، صرف رواں سال 12 ارب روپے کم دیے گئے۔ وزیر اعظم پاکستان کے لیے چین گئے تھے۔ ’امید ہے چین میں سندھ کے لیے بات ہوئی ہوگی‘۔

The post افسران کو خوف کے ماحول سے نکالنا ہے نہیں تو کچھ نہیں کر سکیں گے: وزیر اعلیٰ سندھ appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں