119

عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے: وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کی رجسٹریشن آج سے 21 دسمبر تک جاری رہے گی، ون ونڈو سروس کے ذریعے لوگوں کو گھر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تنقید اور مذاق اڑانا آسان ہے، نیک نیت ہوتے ہیں تو اللہ کی مدد ہوتی ہے۔ گھر ہر شہری کی خواہش ہے لیکن یہاں قرضوں کا بوجھ ہے۔ پورے پاکستان میں ہمیں اس وقت ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تنقید کرنا آسان اور عملی طور پر کچھ کرنا مشکل ہوتا ہے، عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھر نہ ہونے کے باعث عام آدمی سسک سسک کر زندگی گزار رہا ہے۔ ہاؤسنگ اسکیم سے شہریوں کو کم لاگت سے اپنا گھر فراہم کریں گے۔

The post عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے: وزیر داخلہ appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں