86

صحافی کی پراسرار گمشدگی: ترکی نے سعودی سفیر کو طلب کرلیا

انقرہ : ترکی نے سعودی لاپتہ صحافی جمال خاشقجی پر سعودی سفیر کو طلب کرلیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ منگل کواستنبول سعودی قونصل خانے سے لاپتہ ہوگئے، جس کے بعد ترک پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ سعودی صحافی کو قتل کردیا گیا تاہم سعودی قونصل خانے نے ترک پولیس کے الزام کو مسترد کردیا ۔

ترکی نے سعودی سینئر صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی پر انقرہ میں تعینات سعودی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرتے ہوئے صحافی کے ممکنہ قتل کے معاملے پر سعودی قونصل خانے سے تلاشی کی درخواست بھی کی ہے۔

دوسری جانب ترک حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی خاشقجی کو سعودی قونصل خانے کے اندر قتل کر دیا گیا ہے۔ تفتیش کاروں کے پاس ’ٹھوس شواہد‘ موجود ہیں کہ خاشقجی کو قتل کیا گیا ہے اور یہ اس 15 رکنی سعودی ٹیم نے کیا ہے جو گذشتہ ہفتے ملک میں آئی تھی۔

سعودی صحافی جمال خاشقجی کون ہے؟

جمال خاشقجی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے لیے کام کرتے تھے،ماضی میں صحافی جمال خاشقجی نے سعودی شاہی خاندان کے مشیر کی حیثیت سے بھی کام کیا تھا۔

سعودی صحافی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی حالیہ اصلاحات اور سنہ 2030 ویژن کے تحت ملک کو جدید بنانے کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

سعودی حکومت نے گذشتہ سال اپنے ناقدین اور صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تو جمال خاشقجی امریکہ منتقل ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی انقرہ میں سعودی سفارتخانے میں داخل ہوئے تھے لیکن اس کے بعد واپس نہیں آئے، خاشقجی کی ترک منگیتر خدیجہ چنگیز کہتی ہیں کہ انھوں نے 11 گھنٹے تک قونصل خانے کے باہر جمال کا انتظار کیا لیکن وہ باہر نہیں نکلے

The post صحافی کی پراسرار گمشدگی: ترکی نے سعودی سفیر کو طلب کرلیا appeared first on Newsone Urdu.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں