27

قرضہ واپس کرنے کے لیے چیزیں مہنگی کرنی پڑے گی، وزیرِ اعظم عمران خان

لاہور: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے، اس مشکل سے گزرنے اور قرضہ واپس کرنے کے لیے چیزیں مہنگی کرنی پڑے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ کل شہباز شریف کو منڈیلا بنتے دیکھا اس لیے پریس کانفرنس کر رہا ہوں، ہمیں ادارے ٹھیک کرنے ہیں، کرپٹ لوگ کرپشن کا پیسا واپس کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں صرف 70 ہزار لوگ ٹیکس دیتے ہیں، مہنگائی کے ذریعے عوام ٹیکس دے گی، ہم اتنا پیسا اکٹھا کریں گے کہ ملک میں پیسے کی کمی نہیں ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ ملک سے باہر 10 ہزار پراپرٹیز پکڑی ہیں جس کی تفتیش کی جا رہی ہے، پچھلے 4 سال میں دبئی میں پاکستانیوں نے 900 ارب روپے کی پراپرٹیز لیں، ہم قرضے لیتے پھر رہے ہیں، 5 سال میں 35 ارب کا قرضہ لیا، منی لانڈرنگ روک لیتے تو ہو سکتا ہے قرضہ نہ لینا پڑتا۔

وزیرِ اعظم نے کہا ’قوم کو بتانا ضروری ہے کہ پچھلے دور میں تجربے کار سیاست دانوں نے ملک کو کہاں چھوڑا ہے، 10 سال پہلے 6 ہزار ارب کا قرضہ تھا، 2013 میں 15 ہزار ارب ہو گیا، ن لیگ کہتی تھی زرداری دور سب سے بد ترین تھا، 2013 سے 2018 تک ملک کا قرضہ 28 ہزار ارب پر چلا گیا، بیرون ملک قرضہ 60 ارب ڈالرسے 95 ارب ڈالر پر چلا گیا، اسپیڈی پنجاب کے تجربہ کار لوگوں نے کیا کیا سب کے سامنے ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار پنجاب میں تبدیلی کا نام ہے، تبدیلی یہ ہے کہ ہمارا وزیرِ اعلیٰ بیرون ملک علاج کے لیے نہیں جا سکتا، کرپشن نہیں کرے گا، ایمان دار آدمی ہے، وقت دیں، آپ کو پتا چلے گا عثمان بزدار سب سے کام یاب وزیرِ اعلیٰ ہوں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ 100 دن میں سیاسی جماعت کو پرکھا جاتا ہے، گاڑی کا راستہ تبدیل کر رہے ہیں 100 دن میں نظر آ جائے گا، منی بجٹ آیا، پالیسیاں اب سے شروع ہوں گی، پالیسیاں بنائیں گے تو آپ کو آہستہ آہستہ تبدیلی نظر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت قرضوں کی صورتِ حال یہ ہے کہ پاور سیکٹر کا قرضہ 1200 ارب روپے ہے، فیس سیکٹر پر 157 ارب کا خسارہ چڑھا گئے، پاکستان اسٹیل ن لیگ کے دور میں بند ہو گئی، 187 ارب قرضہ چڑھا دیا، ریلوے پر 37 ارب، پی آئی اے پر 360 ارب قرضہ ہے۔

عمران خان نے کہا ’پاکستان میں سب موجود ہے، سرمایہ کار آنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، وہ کہتے ہیں کرپشن ختم ہو تو ہم آئیں، بلوچستان کے معدنیات کی قیمت 460 ارب ڈالر ہے، 22 سال سے کہہ رہا تھا پاکستان کا بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔

The post قرضہ واپس کرنے کے لیے چیزیں مہنگی کرنی پڑے گی، وزیرِ اعظم عمران خان appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں