98

نومبرکے بعد ایران پرمزید پابندیاں لگائیں گے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ

نیویارک: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا کا تجارتی نظام تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے اور ہم کسی ملک کو امریکی معیشت کا فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے۔ نومبرکے بعد ایران پر مزید پابندیاں لگائیں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا73واں اجلاس نیویارک میں جاری ہے ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت ماضی کے برعکس تیزی سے ترقی کررہی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے صدارت سنبھالنے کے بعد امریکا مضبوط اور محفوظ ہوا ہے۔ ہماری فوج اوردفاعی صلاحیتیں پہلے سے زیادہ بہتر اور مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ  معاملات مذاکرات سے حل کیے۔ شمالی کوریا کے ساتھ تصادم کے بجائے امن کا انتخاب کیا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے صدر سے ملاقات کے بعد ایٹمی تجربات بند ہوگئے۔ اب شمالی کوریا سے میزائل ادھرادھر نہیں داغے جارہے ۔ امریکا میں بے روزگاری کی شرح کمی ہوئی۔ امریکیوں کے لیے ملازمتوں میں اضافہ کیا۔ ہم نےامریکا میں 40لاکھ نوکریاں پیدا کیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایوں کے حقوق کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ ہماری قوم دیگراقوام کے حقوق کا خیال رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کئی ممالک اوران کے سربراہوں سے بہت اچھے تعلقات بنائے ہیں۔ امریکا کو سب سے مضبوط اورمحفوظ بنانا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شامی صدرکے کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔ مشرق وسطیٰ میں ہماری نئی پالیسی کے تحت تبدیلی آرہی ہے۔ ایران مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی پھیلانے میں ملوث ہے اور ایران خطے میں افراتفری پھیلا رہا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ عالمی برادری سے ایران کو تنہاکرنے کی اپیل کرتاہوں۔ دہشت گردوں کےحامی کو خطرناک ہتھیارحاصل کرنےنہیں دیں گے۔ نومبرکے بعد ایران پرمزید پابندیاں لگائیں گے۔ کسی ملک کو امریکی معیشت کافائدہ اٹھانےنہیں دیں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امن مذاکرات میں تعاون کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اسرائیل اورفلسطین کے درمیان امن چاہتے ہیں۔ دنیا کا تجارتی نظام تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے ۔

The post نومبرکے بعد ایران پرمزید پابندیاں لگائیں گے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ appeared first on Newsone Urdu.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں