171

بھارت پر ہر طرح کی معاشی اور تجارتی پابندیاں عائد کی جائے، قراداد میں مطالبہ

لاہور : دلی سرکار کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہونے کے بعد بھارت کیخلاف معاشی اور تجارتی پابندیاں عائد کرنے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی گئی، جس میں کہا گیا مودی اور بھارتی آرمی چیف شیطانی اور چھوٹی سوچ کے حامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کا مذاکرات سے فرار اور بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھارت کیخلاف معاشی اور تجارتی پابندیاں عائد کرنے کی قرارداد جمع کرادی گئی۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے قرارداد جمع کرائی گئی، جس میں کہا گیا کہ بھارت کی مودی سرکار اور اس کے بے لگام بزدل آرمی چیف کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مودی اور بھارتی آرمی چیف شیطانی اور چھوٹی سوچ کے حامل ہیں۔ جو اپنی سیاسی اور فوجی ناکامیوں کو چھپانے کی غرض سے کشمیریوں کے قتل عام میں براہ راست ملوث ہیں۔

جمع کرائی گئی قرارداد میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان خطے میں امن کے خواہاں ہیں اور اسی سوچ کے پیش نظر انہوں نے بھارت کے ساتھ ہمسائیگی کے تعلقات میں ایک قدم آگے بڑھانے پر دو قدم آگے بڑھانے کی بات کی تھی، جسے بین الاقوامی طور پرانتہائی پزیرائی ملی اور خیرسگالی کے اس جذبے کو سراہا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ مودی کرپشن کے الزامات کی زد میں ہے اور اسے بھارت کے اندر سیاسی محاذ پر انتخابات میں اپنی واضح شکست سامنے نظر آ رہی ہے۔ اس لئے وہ پاکستان کے ساتھ مصنوعی جنگی صورتحال ظاہر کر کے سیاسی فائدے کے لئے اکھاڑہ سجانا چاہتا ہے، اسی سلسلہ کی ایک کڑی بھارتی آرمی چیف کے بیانات ہیں، وہ مودی کی حکومت کے دوام کے لئے پاک بھارت جنگ شروع کر کے اپنے سیاسی عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی فوج، ہر سیاسی جماعت اور ہر پاکستانی شہری بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے، مسائل کا حل مذاکرات میں ہے لیکن پاکستان کی عظیم فوج اور باوقار عوام کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب ایٹمی قوت ہونے کی مناسبت سے بخوبی دینا جانتی ہے۔

قرارداد میں وفاقی حکومت کے ذریعے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کی ہٹ دھرمی کا نوٹس لیں، مودی سرکار اور بھارتی آرمی چیف پاک و ہند کا امن تباہ کرنے کے لئے پاکستان کے خلاف جنگی جنون میں مبتلا ہیں، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں اور دیگر بھارتی اقلیتوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ اس ساری صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے بھارت پر ہر طرح کی معاشی اور تجارتی پابندیاں عائد کی جائیں۔

The post بھارت پر ہر طرح کی معاشی اور تجارتی پابندیاں عائد کی جائے، قراداد میں مطالبہ appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں