216

اگر ہم نے اپنے آپ کو تبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے ، وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے اپنے آپ کوتبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے، تبدیلی اس وقت آئے گی جب سوچ سمجھ کر پیسہ خرچ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا سرکاری ملازمین ہرحکومت کا حصہ رہتے ہیں، آپ لوگوں سے خطاب کا مقصد حقائق اور پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب ڈالر سے بڑھ کر 30ہزار ارب ڈالر ہوگیا ہے، قرضے اتارنے کے لئے پاکستان کو وسائل کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہا اللہ کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ قوم خود اپنی حالت نہ بدلے، ہمیں اپنے آپ کوتبدیل کرنا ہے، بیوروکریسی کو تبدیل کرنا ہے،عوام کو اپنی حالت بدلنی ہے، اگر ہم نے اپنے آپ کوتبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ملک چلانے کے لئے خزانہ ہی خالی ہے، ماضی کے حکمرانوں نے ایسے قرضے لیے، جن سے نقصان ہورہا ہے، ہم نے قرضے لے کر ایسے منصوبے بنائے، جو نقصان میں جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا دنیا میں کوئی چیزناممکن نہیں محنت کی جائے توسب کچھ حاصل کیا جاسکتاہے ، ساری زندگی سنتا رہا کرکٹر نہیں بن سکتا،وزیراعظم نہیں بن سکتا، آج میں آپ کےسامنے کھڑا ہوں،میری زندگی آپ کے سامنے ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسے منصوبے بنائے گئے کہ قرضے لے کر خسارے میں جارہےہیں، ہم آزاد ہوگئے لیکن ہم نے اپنے مائنڈ سیٹ کو ہی تبدیل نہیں کیا۔

انھوں نے مزید کہا ماضی کے لیے گئے قرضوں پر ہر روز 6 ارب کا سود ادا کررہے ہیں، جب سے ملک آزاد ہوا ہے، حکمران طبقے کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہی نہیں ہوا، ہمیں شاہانہ طرز کے مائنڈسیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا حکمرانوں کے شاہانہ طرزکا خرچہ عوام کے پیسوں سے چل رہا ہوتا ہے، سمجھ لیا جائے یہ لوگ ہمارے ہی ہیں تو بہت کچھ بدل جائے گا، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانے کے لئے خود کو تبدیل کرنا ہوگا۔

عمران خان نے کہا سوا 3کروڑ بچے اردو میڈیم، 24 لاکھ بچے مدرسوں میں ہیں، تعلیم کے لحاظ سے بھی ہم نے اپنی قوم کو تقسیم کیا ہوا ہے، انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی لیکن ان کامائنڈ سیٹ نہیں چھوڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں 500 سے زائد ملازم ، 100 سے زائد گاڑیاں تھیں، ہیلی کاپٹر نیلام کررہے ہیں جبکہ 6 اعلیٰ نسل کی بھینسیں بھی ہیں، تبدیلی اس وقت آئے گی جب سوچ سمجھ کر پیسہ خرچ کیا جائے گا، ہم نے خود کو نہ بدلا تو آگے نہیں بڑھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا چیئرمین نیب سے ملاقات میں کہا سب کا احتساب کریں، احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھے گا، ماضی میں کرپشن کیلئے پہلے اداروں کو تباہ کیا گیا، اداروں کی تباہی کی وجہ سے کرپٹ عناصر کو کھلا راستہ ملا۔

عمران خان کا کہنا تھا یورپ میں بھی کرپشن ہےلیکن وہاں لوگ ڈرتےہیں، یورپ میں لوگوں کو معلوم ہے کرپشن کی تو پکڑے جائیں گے۔

The post اگر ہم نے اپنے آپ کو تبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے ، وزیراعظم appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں