185

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اہم فیصلے متوقع

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا، اجلاس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے،  جس میں وزارت کیڈ ختم کرنیکا معاملہ بھی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا چوتھا اجلاس آج ہوگا، جس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزارت کیڈ کو ختم کرنے اور امور وزرت نیشنل ہیلتھ سروسز کےامور کی منظوری دی جائے گی جبکہ ریگولیٹری نظام کو اسٹریم لائن کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری ، پاکستان نیوی ایکٹ 1961 میں ترمیم ، سپریم کورٹ کے فیصلے پر انکم ٹیکس ترمیم آرڈینیس شامل ہیں جبکہ اثاثہ جات کی وصولی یونٹ کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اجلاس میں تنخواہ دار طبقہ کو ٹیکس چھوٹ کم کرنے سے متعلق منظوری دیے جانے کا امکان ہے جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد بل قومی اسمبلی اور پھر سینیٹ سے منظور کرایا جائے گا۔

علاوہ ازیں ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے خصوصی آڈٹ کی بھی منظوری متوقع ہے ۔اورنج لائن ٹرین منصوبہ اورتمام میٹروبس منصوبوں کا آڈٹ کرایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت محصولات میں 4ہزار ارب روپے کا اضافہ چاہتی ہے، ایف بی آر کے متبادل تجویز دینے پر بل مؤخر کیا جاسکتا ہے۔

وزیرخزانہ اسد عمر ای سی سی کے فیصلوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد وفاقی کابینہ پہلے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

وفاقی کابینہ کے 24 اگست کو ہونے والے دوسرے اجلاس میں صدر، وزیراعظم، وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری دی گئی تھی جبکہ تیسرے اجلاس میں صدر نیشنل بینک کو ہٹانے اور جنوبی پنجاب صوبے کے لیے کمیٹی کے قیام سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

The post وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اہم فیصلے متوقع appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں