209

بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر شہباز شریف آج پاکستان روانہ ہوں گے

بیگم کلثوم نواز

اسلام آباد : شہبازشریف آج بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے، میت کل صبح پاکستان پہنچے گی جبکہ کلثوم نوازکی نماز جنازہ بعد آج ریجنٹ پارک مسجد لندن میں اداکی جائےگی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت آج پاکستان کے لئے روانہ ہوں گی،  میت پاکستان لانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے اورگرین سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا۔

حسن اور حسین نواز والدہ کاآخری دیدارلندن میں ہی کریں گے۔

پاکستان روانگی سے قبل کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی جائے گی، جس میں شہباز شریف ، حسین اور حسن نواز سمیت دیگر خاندان کے اراکین شرکت کریں گے ۔

شہباز شریف، نواز شریف کی صاحبزادی اسما نواز اور خاندان کے دیگر افراد میت کے ساتھ پاکستان آئیں گے۔

بیگم کلثوم نواز کی میت جمعے کی صبح پاکستان پہنچے گی، جہاں شام پانچ بجے میڈیکل سٹی میں مولانا طارق جمیل نمازجنازہ پڑھائیں گے جبکہ ان کی تدفین جاتی امرا میں ہوگی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نمازجنازہ کے لیے شریف میڈیکل سٹی میں انتظامات کیے جارہے ہیں جبکہ کلثوم نواز کا سوئم اتوار کو عصر سے مغرب تک جاتی اُمرا میں ہوگا۔

گذشتہ روز شہباز شریف بھابھی کی میت پاکستان لانے کیلئے لندن پہنچ تھے تو بھتیجے حسین نواز سے گلے ملے تو آنکھیں اشکبارہوگئیں ،شہباز شریف نے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

مزید پڑھیں : پیرول پر رہائی کی درخواست پر نواز شریف اور مریم نے دستخط سے انکار کیا: شہبازشریف

ہیتھروایئرپورٹ اور ایون فیلڈ کے باہرمیڈیا سے گفتگو میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عوام بیگم کلثوم نواز کیلئے دعا کریں، نوازشریف اہلیہ کی وفات کے باعث دکھی ہیں، پرول پر رہائی کی درخواست پر نوازشریف، مریم نے دستخط سے انکار کیا تھا ، رہائی کی درخواست پرانہوں نے خود دستخط کیے ، اللہ تعالیٰ کی عدالت میں سب کو پیش ہونا ہے۔

دوسری جانب کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کیلئے لوگوں کی جاتی عمرہ آمد کا سلسلہ جاری ہے، نوازشریف سے آج شام 4سے 6بجے تک لوگ تعزیت کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی پیرول پر رہائی میں توسیع کرتے ہوئے مدت پانچ دن کر دی تھی، توسیع بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے کی گئی۔

واضح رہے کہ سابق خاتونِ اوّل بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن میں کینسر کے عارضے کے باعث انتقال کر گئی ہیں

The post بیگم کلثوم نواز کی میت لے کر شہباز شریف آج پاکستان روانہ ہوں گے appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں