205

شہباز شریف اہلِ خانہ کے ہم راہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے

لاہور: میاں شہباز شریف اہلِ خانہ کے ہم راہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کے سلسلے میں مشاورت کرنے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لیے شریف خاندان کے وکلا نے وزارتِ داخلہ کو درخواست دی تھی، نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے بعد شہباز شریف لندن روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اڈیالہ جیل میں نواز شریف کے ساتھ بیگم کلثوم کی تدفین اور میت کی منتقلی سے متعلق مشاورت کر رہے ہیں۔

دوسری طرف شہباز شریف نے سابق خاتونِ اوّل اور باہمت خاتون بیگم کلثوم کی وفات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ماں، بہن، بیٹی اور اہلیہ کے طور پر مثالی کردار ادا کیا.

شہباز شریف نے کلثوم نواز کی وفات کو ایک بڑا صدمہ اور بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات سے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔


بیگم کلثوم نوازانتقال کرگئیں


سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ’مشکل حالات میں کلثوم نواز نے مصائب کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مسلم لیگ ن اور جمہوریت کلثوم نواز کی قرض دار رہے گی، اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘

خیال رہے کہ آج سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں زیرِ علاج رہنے کے بعد انتقال کرگئیں، وہ گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔

The post شہباز شریف اہلِ خانہ کے ہم راہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں